بریکنگ نیوز
سینیٹ الیکشن،پی پی کا صدارتی آرڈیننس چیلنج کرنے کا اعلان
کراچی(نیوزروم رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے کے لیے جاری کردہ صدارتی آرڈیننس چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خفیہ رائے شماری ہر شہری کا آئینی حق ہے۔ دباؤ اور اثر و رسوخ اور کسی ممکنہ انتقامی کارروائی سےبچانے کے لیے یہ حق ہر شہری کو دیا گیا ہے۔ صوبائی و قومی اسمبلی کے ارکان کے انتخاب ہوں یا سینیٹر کے انتخابات ان کے لیے یہ اصول تسلیم کیا گیا ہے۔ اب ہمارے اس حق پر حملہ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں جامع انتخابی اصلاحات کے حامی ہیں لیکن حکومت صاف شفاف اور غیر متنازع سینیٹ انتخابات نہیں چاہتی۔ ان کے پاس بہت وقت تھا ، تین سال میں جامع قانون سازی نہیں کی گئی۔ تاہم سینیٹ میں ہم اوپن ووٹ میں بھی مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پی ڈی ایم اوپن بیلٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دے گی۔