بریکنگ نیوزدلچسپ و عجیب
رنگ برنگا دریا،فطرت کی رنگینیوں کا شاہکار
لاہور(نیوزروم مانیٹرنگ)ویسے تو پوری دنیا ہی فطرت کی رنگینیوں سے بھری پڑی ہے لیکن کچھ نظارے ایسے بھی ہیں جو اپنی انفرادیت کے سبب دیکھنے والوں کی توجہ حاصل کرلیتے ہیں۔ایسے ہی نظارے عجوبے بھی کہلاتے ہیں،ایسا ہی ایک عجوبہ کولمبیا کے سیرانیا دی لاماکارینا صوبے میں ہے جسے رنگ برنگے دریا کے نام سے پکارا جاتا ہے۔اس دریا کا اصل نام تو کانو کرسٹیلز ہے لیکن مختلف رنگوں کی وجہ سے اسے آبی قوس و قزح بھی کہا جاتا ہے۔۔ہر سال جولائی سے نومبر کے دوران اس دریا کو چمکیلے اور حسین رنگوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دریا کے یہ رنگ ایک ماکارینیا کلیویگیرا نامی پودے کی وجہ سے ہیں۔ یہ پودا مختلف رنگوں جیسے کہ سبز، نارنجی، لال، زرد اور نیلے رنگ میں پایا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے اس دریا کا پانی بھی انہی رنگوں میں نظر آتا ہے۔اس دریا تک جانا کوئی آسان کام نہیں ہے۔سیاح اس دریا کو دیکھنے کے لیے لا ماکارینا تک جہاز کے ذریعے پہنچتے ہیں۔ وہاں سے وہ سیرانیا دی لا ماکارینا نیشنل پارک تک ایک بس کے ذریعے جاتے ہیں۔ وہاں سے اس دریا تک پہنچنے کے لیے پیدل یا گھوڑوں کے ذریعے جانا پڑتا ہے۔ یاد رہے کہ اس دریا کو دیکھنے کے لیے وسط مئی سے اوائل دسمبر تک ہی جایا جا سکتا ہے۔