بریکنگ نیوز
لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے کہ عمران خان پر ریڈ لائن لگادی گئی ہے:چئیرمین پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو وہاں کھڑا کر دیا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط ماننی ہوں گی.
ویڈیو لنک سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ چوروں کی حکومت کی وجہ سے پاکستان دنیا سے پیچھے رہ گیا، 2023 الیکشن کا سال ہے، ہمیں فوری الیکشن کرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں، 30 سال تک دو خاندان ملک کو لوٹتے رہے، ریڈ لائن صرف پاکستان کی عوام لگا سکتے ہیں اور کوئی نہیں، پہلے حکومتوں کو ہٹایا جاتا تھا تو مٹھایاں بانٹی جاتی تھیں لیکن اس بار ایسا نہیں ہوا۔
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے 11 سو ارب کی کرپشن کے کیسز ختم کیے، دونوں خاندانوں کو ایک ہی کام آتا ہے کرپشن کرنا اور این آر او لینا،جو ریڈ لائن لگانے کی باتیں کرتے ہیں انہیں سیاست کی کوئی سمجھ نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ لوگوں کو کہا جا رہا ہےکہ ہم نے عمران خان کو مائنس کر دیا ہے، پیسوں کی آفر الگ، لوگوں کو دھمکیاں بھی دی گئیں، ہماری حکومت کو سازش کر کے نکالا گیا، ارکان پارلیمنٹ پر چن چن کر دباؤ ڈالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پانچ لوگ خریدنے کے لیے اربوں روپے کی آفر دی گئی، مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، مجھے احساس ہے آپ پر کتنا دباؤ ڈالا جا رہا ہے، مودی کہہ رہا ہے پاکستان بھیکاریوں کی طرح پھر رہا ہے۔
علاوہ ازیں عمران خان نے کہا کہ ہماری آزاد خارجہ پالیسی غلاموں کو پسند نہیں آئی، آئی ایم ایف جائیں یا نہ جائیں مہنگائی پھر بھی ہو گی، عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمارے کوئی حقوق ہیں یا نہیں، ہمارے دور میں ہر چیز بہتر ہو رہی تھی۔