بریکنگ نیوز

خاتون سے زیادتی کا واقعہ شرمناک ہے،چیف جسٹس

لاہور(نیوزروم رپورٹ)) چیف جسٹس آف پاکستان چیف جسٹس گلزار احمد نے موٹروے پر خاتون سے زیادتی کے واقعہ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا ہے۔

پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں چھ روزہ کمرشل اور اوورسیز کورٹس ٹریننگ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ججز اور عدالتوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آج ہمارا یہاں اکٹھا ہونا ہمارے سرمایہ کار اور کاروباری طبقے کے لئے بہترین اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ پاکستان کی معیشت کا بڑا انحصار سرمایہ کاری پر ہے۔ کاروباری معاملات میں مختلف مراحل پر مسائل پیدا ہو جانا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کاروباری معاملات عدالتوں میں آتے ہیں تاکہ انہیں حل کیا جا سکے۔ تاہم ان کا عدالتوں میں لٹک جانا مزید مسائل کو جنم دیتا ہے۔ جن ممالک میں بہترین عدالتی نظام موجود ہوتا ہے، وہاں سرمایہ کاری بھی زیادہ آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم سرمایہ کاری میں اضافہ کے خواہشمند ہیں تو بہترین عدالتی نظام وقت کا اہم تقاضا ہے۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے لاہور موٹروے پر گزشتہ روز خاتون کیساتھ گینگ ریپ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ شرمناک ہے۔ انہوں نے اس پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو جاگنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس میں سیاسی مداخلت عام ہو چکی ہے۔ پولیس کی کمان غیر پیشہ ورانہ افراد کے ہاتھ میں ہے۔ امن وامان حکومت کی بنیادی ذمہ داری ، اس ضمن میں پولیس کا شفاف نظام وقت کہ اہم ضرورت ہے۔

Facebook Comments
Show More

Related Articles

Close