بریکنگ نیوزدنیاعرب دنیا
بحرین کا بھی اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ
لاہور(نیوز روم مانیٹرنگ)متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور عرب ملک بحرین نے بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسرائیل اور بحرین کے درمیان ہونے والے اس تاریخی معاہدے کے بارے میں بتایا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’آج ایک اور بڑی پیش رفت ہوئی ہے، ہمارے دو عظیم دوستوں اسرائیل اور بحرین نے امن معاہدے پر اتفاق کیا ہے، گزشتہ 30 روز میں اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ کرنے والا بحرین دوسرا عرب ملک ہے‘۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’صدر ڈونلڈ ٹرمپ، بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ اور اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے درمیان آج مذاکرات ہوئے اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ اسرائیل اور بحرین کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر قائم کیے جائیں گے‘۔