اسپورٹسبریکنگ نیوز
پاکستان نے بنگلا دیش کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا
ڈھاکا: تیسرے اور آخری میچ میں شکست دیکر پاکستان نے بنگلا دیش کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
ڈھاکا میں کھیلی گئی 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔ بنگلادیش کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا، دونوں کے درمیان 32 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم بابر اعظم 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد محمد رضوان اور حیدر علی نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن رضوان 40 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
حیدر علی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 45 رنز کی اننگز کھیلی تاہم آخری اوور میں جب پاکستان کو 8 رنز درکار تھے وہ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد مزید ایک وکٹ گرنے سے قومی ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی، بنگلادیشی بولر نے آخر اوور میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم محمد رضوان نے 20 ویں اوور کی آخری گیند پر چوکا مار کر قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
اس سے قبل بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آغاز میں ہی پہلی وکٹ صرف 7 کے مجموعی اسکور پر گرگئی جس کے بعد محمد نعیم اور ون ڈاؤن آنے والے شمیم حسین نے اسکور آگے بڑھایا، محمد نعیم نے 47 جب کہ شمیم حسین نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستانی بولنگ اٹیک کے آگے بنگلادیش کی بیٹنگ ایک بار پھر خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور کوئی بھی بنگلادیشی کھلاڑی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا جس کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں میزبان ٹیم 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بناسکی۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور عثمان قادر نے 2،2 جب کہ شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔