بریکنگ نیوز
اگر سینیٹ میں اوپن بیلٹنگ نہ ہوئی تو اپوزیشن والے روئیں گے: وزیراعظم
اسلام آباد(نیوزروم رپورٹ)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یاد رکھیں اگر سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹنگ نہ ہوئی تو اپوزیشن والے روئیں گے۔
کلرسیداں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سینیٹ کے ایک ووٹ کی قیمت 50 سے 70کروڑ لگ رہی ہے، آج نہیں کئی دفعہ پہلے بھی مجھے پیسوں کے عوض سینٹ کی سیٹ بیچنے کی آفر ہوئی، سینیٹ کی سیٹ بیچنے کے لیے براہ راست اور بالواسطہ رابطے کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی چارٹر آف ڈیموکریسی میں اوپن بیلٹ کا معاہدہ کر چکی ہیں، میں مسلم لیگ ن کے اوپن بیلٹ کے مطالبے کی تائید کر چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اصل ایشو یہ ہے کہ کیا اس موجودہ سسٹم کے تحت الیکشن ہونا چاہیے یا نہیں، ووٹوں کی خرید و فروخت میں سب سے زیادہ مال مولانا فضل الرحمن نے بنایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا یاد رکھیں اگر سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹنگ نہ ہوئی تو اپوزیشن والے روئیں گے، سیکرٹ ووٹنگ کے تحت حکومت کو اپوزیشن سے زیادہ سیٹیں مل سکتی ہیں۔