بریکنگ نیوزصحت
ادرک کی چائے کے یہ فائدے جانتے ہیں؟
سردیوں کی آمد آمد کے ساتھ ہی فلو،نزلہ زکام اورکھانسی جیسی بیماریوں نے بھی سر اٹھالیا ہے ایسے میں ایلوپیتھک ادویات کے بجائے دیسی اور گھریلو ٹوٹکے انتہائی مفید ثابت ہوسکتے ہیں جن میں ادرک کی چائے سب سے اہم ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق بے شمار طبی فوائد کےحامل ادرک میں موجود جز ’جینجرول‘ کے باعث اس میں قدرتی طور پر بیماریوں سے لڑنے کی خصوصیات پائی جاتی ہیں، اس کے باقاعدگی سے استعمال سے شوگر، دل کی بیماریاں ، پٹھوں کا درد ، پھیپڑوں کے مسائل، سوجن میں آرام، دائمی بد ہضمی، کینسر سے بچاؤ، ذہنی دباؤ سے نجات سمیت موسمی بیماریوں سے لڑنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
وزن میں کمی
ادرک کی چائے وزن گھٹانے میں بہت مفید ہے،2012 ء میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق ادرک کی چائے پینے سے بھوک میں کمی ہوتی ہے اور بلڈ شوگر لیول بھی متوازن رہتا ہے، اسے کاٹ کر پانی کی بوتل میں بھی ڈال کر وقفے وقفے سے اس پانی کو پی سکتے ہیں۔
نظامِ ہاضمہ میں بہتری
اگر دائمی بد ہضمی کی شکایت ہو تو ادرک کی چائے کا استعمال آج ہی سے شروع کر دیں اور پیٹ سے متعلق تمام امراض کو بھلادیں، ادرک کی چائے کھانا ہضم کرنے میں مدد اور گیس ہونے سے بچاتی ہے، صبح نہار منہ یا دوپہر میں استعمال کریں۔
قوت مدافعت بڑ ھاتی ہے
غذائیت سے بھر پور جڑی بوٹی ادرک کی چائے قوت مدافعت بڑ ھاتی ہے اور تھکن اور بوجھ پن کو دور کرتی ہے، اس میں موجود وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹ سے جسم سے فاضل مادے نکل جاتے ہیں جس سے جسم کو موسمی بیماریوں اور انفیکشن سے لڑنے میں قدرتی طور پر آسانی ہوتی ہے۔
متلی اور مارننگ سکنس سے بچاتی ہے
قدرتی طور پر طبی جزرکھنے والے ادرک کی چائے حاملہ خواتین کو متلی اور مارننگ سکنس سے بچا سکتی ہے، سستی کا حاوی رہنا ، پٹھوں میں درد، سوجن اور تھکاوٹ کا بہترین علاج ہے، ادرک کی چائے مضر اثر سے پاک بھی ہے۔