بریکنگ نیوزدلچسپ و عجیب
ٹرین کی 20سیکنڈ پہلے روانگی پرجاپانی حکام کی مسافروں سے معذرت
ٹوکیو(نیوزروم مانیٹرنگ)پاکستان میں ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر کوئی حیرانی کی بات نہیں،اس پر زیادتی یہ کہ اگر کسی متعلقہ شخص سے ایک یا دو بار وجہ پوچھ لی جائے تو لڑائی بھی ہوجاتی ہے لیکن جاپان میں ریلوے حکام نے ٹرین صرف بیس سیکنڈ پہلے روانہ کرنے پر اپنے مسافروں سے معذرت کرکے پوری دنیا کیلئے مثال قائم کردی۔ٹوکیو سے سکوبہ تک چلنے والی سکوبہ ایکسپریس کی روانگی مقامی وقت کے مطابق نو بج کر چوالیس منٹ اور چالیس سیکنڈ پر طے تھی تاہم ایک غلطی کے باعث ٹرین کو نو بج کر چوالیس منٹ اور بیس سکینڈ پر روانہ کردیا گیا۔بیس سیکنڈ کا فرق کوئی بہت بڑی بات نہیں لیکن ریلوے حکام نے اس پر کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا کرنے والے مسافروں سے معافی مانگتے ہوئے وضاحت کی کہ عملے نے ٹائم ٹیبل ٹھیک طرح سے چیک نہیں کیا تھا جس کی وجہ سے یہ غلطی سرزد ہوگئی۔واضح رہے کہ جاپان کا ریلوے نظام دنیا کا ایک بہترین نظام ہے اور ملک میں مقررہ اوقات کے علاوہ ٹرینوں کی روانگی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔