انٹرٹینمنٹبریکنگ نیوزپاکستان
اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی عبوری ضمانت
لاہور(نیوزروم رپورٹ)سیشن عدالت نے مسجد میں گانے کی عکسبندی اور ویڈیو ریکارڈنگ معاملے میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی عبوری درخواست ضمانتیں منظور کرلیں۔
لاہور کی سیشن عدالت میں صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف وزیر خان مسجد میں میوزک ویڈیو ریکارڈنگ کے معاملے پر سماعت ہوئی ایڈیشنل سیشن جج چوہدری قاسم علی نے کیس کی سماعت کی۔
اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید عدالت پہنچے اور حاضری مکمل کرائی۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے صبا قمر اور بلال سعید کی عبوری درخواست ضمانتیں منظور کرلیں۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا عدالت دونوں ملزموں کی عبوری درخواست ضمانتیں کنفرم کرتی ہے، جزا اور سزا کا فیصلہ ٹرائل میں ہوگا۔
لاہور کی تاریخی وزیر خان مسجد میں صبا قمر اور بلال سعید کی میوزک ویڈیو کی ریکارڈنگ منظر عام پر آنے کے بعد دونوں کے خلاف تھانہ اکبری گیٹ میں مسجد کا تقدس پامال کیے جانے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے 3 ستمبر تک دونوں فنکاروں کی عبوری ضمانت منظور کررکھی تھی۔