بریکنگ نیوز
مسئلہ کشمیر،ہمارا دفتر خارجہ کچھ نہیں کررہا،اہم وزیر کی کھلی تنقید
اسلام آباد(نیوزروم رپورٹ) کپتان کی ٹیم کی اہم ترین رکن نے کشمیر پر سفارتی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے تمام تر الزامات دفتر خارجہ اور اس کے افسروں کے سر تھونپ دیئے،شیریں مزاری کہتی ہیں دفتر خارجہ نے عمران خان کا بیانیہ دنیا تک نہیں پہنچایا،افسر صرف اپنےکپڑوں اور تھری پیس سوٹوں پر ہی توجہ دیتے ہیں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیریں مزاری مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی سفارت کاری پر برس پڑیں۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اپنی تقاریر اور بیانات سے تنِ تنہا کشمیر کا بیانیہ بدل کر دکھایا مگردفتر خارجہ اور دیگر اداروں نے وزیراعظم کی کوششوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو ناکام بنایا۔ انہون نے کہا کہ اگر ہمارا دفترخارجہ وزیراعظم کے بیانیے کو لے کر چلتا تو حالات مختلف ہوتے ، چاہے عالمی سیاست جو بھی ہو دفتر خارجہ کام کرتا تو دنیاکشمیر پرہماری بات ضرور سنتی، مگر ہمارے سفارتکار آرام، تھری پیس سوٹس اور کلف لگے کپڑے پہننے اور ٹیلی فون کرنے کے سوا کچھ کرنے پر تیار نہیں۔شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ سارا زور کپڑوں کو کلف لگا کر ٹو پیس پہن کر سفیروں کو فون کرنے پر ہے، وزیراعظم عمران خان نے جتنا زورلگا کرکشمیرکا بیانیہ اٹھایا تھا اسے تباہ کردیا گیا۔