بریکنگ نیوزصحت
خبردار! کسی سے بچھڑنے کا غم آپ کی جان بھی لے سکتا ہے
لاہور(نیوزروم رپورٹ )کسی سے بچھڑنے کا غم یقینا ناقابل برداشت ہوتا ہے،ایسا صدمہ سہنے والے دل کو عجب سا روگ لگا لیتے ہیں اور افسردگی کو اپنا ساتھی بنالیتے ہیں لیکن امریکا میں ہونے والی نئی تحقیق نے اس حوالے سے چشم کشا انکشافات کیے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ غم یہ مرض آپ کی جان بھی لے سکتا ہے۔
رائس یونیورسٹی میں سائیکو نیورو امیونولوجی کے ماہر کرس فیگیونڈس نے ایسے 99 افراد کا سروے کیا ہے جو حال ہی میں اپنے شریکِ حیات کے صدمے سے گزرے ہیں۔ مطالعے کا مقصد اس غمِ جدائی کے دوران جسم پر پڑنے والے اثرات اور دیگر حیاتی اشاروں (بایومارکرز) کی نشاندہی بھی کرنا تھا۔ڈاکٹر کِرس کے مطابق جسم کی اندرونی سوزش کئی امراض کی وجہ بنتی ہے جن میں بلڈ پریشر سے لے کر کینسر اور عارضہ قلب سبھی شامل ہیں۔ اور عمررسیدہ افراد میں ڈپریشن بھی اس سوزش (انفلیمیشن) کی وجہ بن سکتی ہے۔
ماہرین نے دیکھا کہ اپنے جیون ساتھی کی رحلت کے صدمے سےدوچار مردوخواتین میں ایسے بایومارکرز دیکھے گئے جو جسم کے اندر سوزش اور جلن کو بڑھاتےہیں۔ اس کے ساتھ ان سے سوالنامے بھروائے گئے اور انٹرویو بھی لیے گئے۔ غمِ تنہائی سے دوچار اکثر افراد کے خون میں اندرونی سوزش سے وابستہ پروٹین سائٹوکائنس کی شرح زیادہ تھی۔
اپنی نوعیت کے اس پہلے اہم مطالعے سے انکشاف ہوا کہ شریکِ حیات سے بچھڑنے کا غم نہ صرف نفسیاتی اثرات مرتب کرتا ہے بلکہ جسمانی صحت کو بھی شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ اس طرح سوزش سے عارضہ قلب، فالج اور کینسر جیسے امراض بھی لاحق ہوسکتے ہیں۔