بریکنگ نیوزدنیا
دوسروں کی جانیں بچاتے 4مسلمان ڈاکٹر جاں بحق
لندن(وحید عامر سے)برطانیہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی جان بچاتے بچاتے پاکستانی ڈاکٹر حبیب زیدی سمیت 4 مسلمان ڈاکٹرز بھی اس مہلک وائرس کا شکار ہو کر اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والوں میں مسلمان ڈاکٹرز نے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنی جانوں کی بھی پرواہ نہیں کی اور مریضوں کی دیکھ بھال میں رات دن ایک کر دیئے تاہم اس دوران 4 مسلمان ڈاکٹرز اس مہلک وائرس کا شکار ہوگئے۔
اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران موت کو گلے لگانے والوں میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر حبیب زیدی بھی شامل ہیں۔ 76 سالہ ڈاکٹر حبیب زیدی 50 سال قبل برطانیہ آئے تھے اور ایسکس میں رہائش پذیر تھے جہاں وہ ایک معتبر اور انسان دوست معالج جانے جاتے تھے۔ کورونا وائرس کے باعث وہ ایک ہفتے سے قرنطینہ میں تھے تاہم طبیعت بگڑنے پر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیے گئے جہاں ایک دن بعد ہی وہ خالق حقیقی سے جاملے۔