بریکنگ نیوزٹیکنالوجی
ہواوے موبائل استعمال کرنے والوں کے لیے اچھی خبر
لاہور(نیوزروم مانیٹرنگ) امریکا چین تجارتی تنازع کے بعد امریکی صدر کی جانب سے ہواوے پر پابندیوں نے کمپنی کے موبائل فون استعمال کرنے والوں کو پریشان کررکھا ہے لیکن اب اچھی خبر یہ ہے کہ ہواوے نے دنیا کے مقبول ترین موبائل آپریٹنگ سسٹم پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہواوے کے بانی رین زین فائی نے فرنچ میگزین لی پوائنٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی کا ہونگ مینگ آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ کے متبادل سے بڑھ کر ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ نیا آپریٹنگ سسٹم صرف اسمارٹ فونز یا ٹیبلیٹ تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اسے راﺅٹرز، ڈیٹا سینٹرز، پرنٹڈ سرکٹ بورڈ اور دیگر میں بھی استعمال کی جاسکے گا جبکہ خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی گاڑیوں میں بھی اسے استعمال کرنا ممکن ہوگا۔اس سے پہلے مختلف رپورٹس میں یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ ہونگ مینگ آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ کے مقابلے میں 60 فیصد تیز ہے اور ہواوے کے بانی نے بھی تصدیق کی ہے کہ کمپنی کا یہ نیا آپریٹنگ سسٹم گوگل کے اینڈرائیڈ اور ایپل کے میک او ایس سے تیز ہوسکتا ہے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس سے مقابلہ آسان نہیں ہوگا کیونکہ دونوں پلیٹ فارمز کو اچھی ڈویلپر سپورٹ حاصل ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ کمپنی ایک ایپ اسٹور کی تیاری پر کام کررہی ہے تاکہ ڈویلپرز کی توجہ حاصل کی جاسکے اور اس حوالے سے اگست میں چین میں ایک ڈویلپر کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔ہواوے کا یہ نیا آپریٹنگ سسٹم رواں سال کے آخر تک سب سے پہلے چین میں متعارف کرایا جائے گا جس کے بعد اگلے سال کسی وقت دنیا بھر میں صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔