بریکنگ نیوزصحت
امرود کھائیں،صحت بنائیں
پھل یقینا قدرت کا انمول تحفہ،خالق کائنات نے اپنی اس خوبصورت اور مزے دار تخلیق میں ایسے ایسے راز چھپا رکھے ہیں کہ سامنے آنے پر انسانی عقل حیران رہ جاتی ہے۔پھلوں کے فائدوں سے بھلا کس کو انکار ہے۔ کوئی بھی پھل وہ ترش ہو یا میٹھا اپنے اندر ایسی افادیت رکھتا ہے جو ہمارے لیے بے انتہا قیمتی ہوتی ہے،ایسا ہی امرود کے ساتھ بھی ہے ۔خوبصورت نظر آنے والا یہ میٹھا پھل صرف منہ کا ذائقہ ہی دوبالا نہیں کرتا بلکہ اس میں ایسے اجزاء بھی موجود ہوتے ہیں جو اس پھل کو صحت کے لیے بہترین بناتے ہیں۔وٹامن سی سے بھرپور یہ پھل کتنے فوائد کا حامل ہے، وہ درج ذیل ہے:
دل کو صحت مند بنائے
دل کی بیماریاں آج کل عام ہیں،لیکن اگر آپ امرود کھاتے ہیں توجسم میں نمک یا سوڈیم اور پوٹاشیئم کے توازن میں بہتری آتی ہے جس سے بلڈ پریشر کنٹرول میں آتا ہے، یہ پھل صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول اور دیگر عناصر کی سطح بھی کم کرتا ہے جو کہ امراض قلب کا باعث بنتے ہیں۔
بینائی بہتر کرے
نظر کا کم ہوجانا بھی ہمارے ہاں عام سامسئلہ ہے،امرود میں وٹامن اے پایا جاتا ہے جو کہ آنکھوں کی صحت کے لیے بہترین ہے، یہ پھل نہ صرف عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی میں آنے والی تنزلی سے تحفظ دیتا ہے بلکہ اسے بہتر بھی کرتا ہے۔ یہ موتیے کے مرض کی رفتار کو بھی سست کرتا ہے۔
کینسر کا خطرہ کم کرے
امرود میں موجود وٹامن سی، لائیکو پین اور دیگر اجزاء ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس کا کام کرتے ہیں جو جسم میں نقصان دہ اجزاء کی سطح کم کرتے ہیں، جس سے کینسر زدہ خلیات کی نشوونما نہیں ہوتی۔
ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بہتر
فائبر سے بھرپور ہونے کی وجہ سے امرود ذیابیطس کو بڑھنے سے روکتا ہے اور بلڈ شوگر کی سطح کو ریگولیٹ کرتا ہے۔
قبض کشا
اس میں غذائی فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور ایک امرود ہی فائبر کی روزانہ کے لیے ضروری مقدار کا 12 فیصد حصہ جسم کو فراہم کردیتا ہے جو کہ نظام ہضم کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہے، امرود کے بیج بھی قبض کو ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
حاملہ خواتین کے لیے بہتر
اس پھل میں فولک ایسڈ موجود ہوتا ہے جو حاملہ خواتین کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔