بریکنگ نیوزٹیکنالوجی
2بیٹریوں والا اسمارٹ فون آگیا
لاہور(نیوزروم رپورٹ) دو کیمروں اور ڈیول سم والے اسمارٹ فون تو آپ نے بہت دیکھے اور خریدے ہونگے لیکن اب اس سے بھی کچھ بڑھ کر سامنے آگیا ہے،چینی کمپنی اوپو نے ایک ایسا اسمارٹ فون متعارف کرایا ہے جس میں ایک نہیں بلکہ دو بیٹریاں لگائی گئی ہیں۔جی ہاں آپ نے بالکل درست پڑھا،اوپو آر 17 پرو میں ایک چیز ایسی ہے جو ابھی کسی اور ڈیوائس میں نظر نہیں آئی تھی اور وہ ہے اس کی دو بیٹریاں۔
نئے اسمارٹ فون میں اے آئی ٹیکنالوجی کم روشنی میں اچھی تصاویر لینے کے لیے دی گئی ہے اور کمپنی نے اسے الٹرا نائٹ موڈ فیچر کا نام دیا ہے۔باقی 2 کیمروں میں بھی چند دلچسپ فیچرز موجود ہیں جن میں سے ایک ایف 1.5، ایف 2.4 اسمارٹ آپرچر ہے جو کہ روشنی کے مطابق خودکار طور پر بدلتے ہیں۔اس کے فرنٹ پر 25 میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے جو آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔یہ پہلا فون ہے جس میں نیا گوریلا گلاس 6 ڈسپلے دیا گیا ہے مگر یہ دنیا کا پہلا کمرشل اسمارٹ فون بھی ہے جس میں ایک نہیں بلکہ 1850 ایم اے ایچ کی 2 بیٹریاں دی گئی ہیں، جو کہ تیز چارجنگ کی سہولت فراہم کریں گی۔یہ فون 11 نومبر کو چین میں 4300 یوآن (83 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کے بعد رواں ماہ کے آخر تک یہ دیگر ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔