بریکنگ نیوز
بھارت دہشتگردوں کا سر پرست،ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی(نیوزروم رپورٹ) ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ بھارت نے عالمی قوانین پامال کرکے ثابت کیا کہ بھارت ہندوتوا اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں مستقبل کی حکمت عملی اور ہرطرح کے حالات سے نمٹنے کے اقدامات زیر غورآئے، آرمی چیف نے رمضان المبارک میں سول اداروں کے ساتھ مل کر تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ دعا ہے رمضان کی برکت سے پاکستان اور دنیا کو کورونا سے نجات ملے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، بھارت نے 850 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارت نے جان بوجھ کر ایل او سی پر آبادیوں کو نشانہ بنایا، بھارتی جارحیت کا سخت نوٹس لیا گیا۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کوکورونا وائرس چیلنج کا سامنا ہے، اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے دنیا بھر میں سیز فائر کی اپیل کی، آر ایس ایس کے انتہا پسندوں نے تمام عالمی قوانین کو پامال کیا، بھارت نے عالمی قوانین پامال کرکے ثابت کیا کہ بھارت ہندوتوا اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ بھارت نے آزاد کشمیر میں کورونا کے حوالے سے جھوٹی خبر پھیلانے کی کوشش کی، بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ بیان اندرونی ناکامیوں پر مایوسی ظاہر کرتے ہیں۔