بریکنگ نیوزدنیا
روس میں دنیا کا سرد ترین گاؤں،درجہ حرارت منفی باسٹھ سینٹی گریڈ
لاہور(نیوزروم مانیٹرنگ)ذرا سوچیں،آپ سانس لیں اور اس کا دھواں بھی جم جائے تو سردی کا عالم کیا ہوگا؟سننے اور کرنے میں یہ بات افسانوی سی لگتی ہے لیکن جناب یہ حقیقت ہے۔دنیا میں ایک ایسا علاقہ بھی ہے جہاں درجہ حرارت منفی باسٹھ ڈگری تک گرگیا ہے اوراسی وجہ سے اس علاقے کو دنیا کا سب سے سرد علاقہ بھی قرار دے دیا گیا ہے۔یہ علاقہ روس کے مشرقی حصے میں واقع ہے اور اس کا نام یکوتیا ہے۔گاؤں میں سیاحوں کی دلچسپی کے لئے لگائے گئے تھرمامیٹر پر اس ہفتے درجہ حرارت منفی باسٹھ سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا اس کے بعد تھرمامیٹر نے کام کرنا ہی چھوڑ دیا۔گاؤں میں سردی اس قدر شدید ہے کہ باہر نکنے پر پلکیں تک جم جاتی ہیں۔اس گاؤں کے رہائشیوں کی تعداد پچاس ہے اور یہ شدید سردی کے باوجود اس گاؤں میں رہتے ہیں۔ یہ لوگ لکڑی اور کوئلہ جلا کر اپنے گھروں کو گرم رکھتے ہیں۔ عام طور پر اس گاؤں میں جنوری اور فروری کے مہینے میں درجہ حرارت منفی پچاس تک ہی رہتا ہے۔گاؤں میں صرف ایک دکان موجود ہے جبکہ ایک اسکول بھی بنایا گیا ہے جو درجہ حرارت منفی باون سے نیچے گرنے پر بند کیا جاتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس خطے کے لیے اتنا درجہ حرارت غیر معمولی ہے۔ گزشتہ ماہ یعنی دسمبر میں اس گائوں میں صرف چھ منٹ کے لیے دھوپ نکلی ہے۔ محکمہ موسمیات کے سربراہ رومن ولفاند کے مطابق اس شدید سردی کی وجہ بحرا اوقیانوس سے اٹھنے والی طوفانی ہوائیں ہیں۔