اسپورٹسبریکنگ نیوز
چوتھا ٹی 20: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دیدی
کراچی: چوتھے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دے دی۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے چوتھے ٹی 20 میچ میں ٹاس جیت کر انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 167 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم فل سالٹ 8 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر محمد وسیم جونیئر کو باؤنڈری لائن پر کیچ دے بیٹھے، الیکس ہیلز بھی لمبی باری نہ کھیل سکے اور صرف 5 سکور بناکر محمد حسنین کی گیند پر عثمان قادر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر ول جیکس تھے جو کہ صفر پر محمد حسنین کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، بین ڈکٹ نے 33 رنز بنائے اور محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
کپتان معین علی نے 1 چھکے اور 3 چوکے مار کر 20 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد نواز کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے، ہیری بروک نے 34 رنز بنائے اور وسیم جونیئر کی گیند پر محمد حسنین کو ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ڈیوڈ ویلے نے 2 چوکوں کی مدد سے 10 گیندوں پر 11 رنز بنائے مگر وہ حارث رؤف کے یارکر کو نہ کھیل پائے اور کلین بولڈ ہوگئے، لیام ڈاسن نے 1 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، تاہم وہ حارث رؤف کی گیند پر محمد حارث کو کیچ دے بیٹھے۔
ایک موقع پر میچ پاکستان کے ہاتھوں سے نکل چکا تھا جب محمد حسنین کا ایک اوور قومی ٹیم کو بہت بھاری پڑا، اس اوور میں 24 رنز بنے، تاہم حارث رؤف نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرین شرٹس کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اولی سٹون تھے جو کہ صفر پر حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، مہمان ٹیم کے آخری پولین لوٹنے والے پلیئر ریسی ٹاپلی تھے جو کہ محمد وسیم جونیئر کی گیند پر رن لینے کی کوشش میں شان مسعود کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔