بریکنگ نیوز
نوازشریف وطن واپسی کے لیے تیار
لندن(نیوزروم مانیٹرنگ) سابق وزیراعظم نواز شریف نے ضمانت میں توسیع نہ ملنے پر پاکستان واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس فیصلے سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور اپنے خاندان کے دیگر افراد کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔خاندانی ذرائع کا کہنا تھا نواز شریف کو پنجاب حکومت کے ضمانت میں توسیع نہ دینے کے عمل سے دکھ پہنچا ہے، نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں پہلے بھی وہ پاناما کیس میں سو سے زائد بار عدالتوں میں پیش ہوئے، اپنے خلاف سزا کا فیصلہ سن کر جیل جانے کیلئے بیمار بیوی کو چھوڑ کر پاکستان واپس گئے تھے اور اب بھی اگر عدالت حکم دے گی تو وہ فوراً پاکستان واپس چلے جائیں گے۔
شریف فیملی کے ذرائع کا کہنا تھا نواز شریف کا علاج جاری ہے اور آئندہ چند دنوں میں ان کا آپریشن ہونے جا رہا ہے، شریف فیملی نواز شریف کے وطن واپس جانے کے حوالے سے شدید تحفظات کا شکار ہے۔