ٹیکنالوجی
مریخ پر ناسا کے ہیلی کاپٹر کی پہلی پرواز سے نئی تاریخ رقم
امریکی خلائی ادارے ناسا کے مریخ پر موجود ہیلی کاپٹر انجینیوئٹی نے پہلی پرواز کے ذریعے تاریخ رقم کردی ہے۔
یہ پہلی بار ہے جب ایک ہیلی کاپٹر کو زمین سے کنٹرول کرکے کسی اور سیارے پر اڑایا گیا۔
اس چھوٹے سے ہیلی کاپٹر نے مریخ پر 19 اپریل کو پرواز کی اور فضا میں 3 میٹر بلندی پر گیا اور پھر دوبارہ سرخ سیارے کی سرزمین پر اتر گیا۔انجینیوئٹی مارس ہیلی کاپٹر پراجیکٹ منیجر می می آنگ نے اس موقع ر کہا کہ اب ہم کہہ سکتے ہیں کہ انسان کسی اور سیارے پر ایک روٹر کرافٹ کو اڑا سکتا ہے۔
یہ ہیلی کاپٹر ایک ایسے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت مختلف اقسام کی جدید ٹیکنالوجیز کو پہلی بار آزمانا ہے۔
ہیلی کاپٹر کی خودکار پہلی پرواز کا ڈٰیٹا چند گھنٹوں میں زمین تک پہنچ جائے گا۔
پرواز کی تصاویر سے ہیلی کاپٹر کا سایہ مریخ کی سطح پر نظر آرہا ہے جبکہ ایک ویڈیو میں اسے سطح پر اترتے دکھایا گیا ہے۔