بریکنگ نیوزدنیا

نائن الیون: امریکی سرزمین پر تباہی کو 20 برس گزر گئے

واشنگٹن :امریکی سرزمین پر القاعدہ کی سب سے بڑی دہشت گردی کی کارروائی کو 20 برس گزر گئے، نائن الیون کے نام سے مشہور ہونے والے واقعے میں 2 ہزار 996 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ نائن الیون کے ماسٹر مائند خالد شیخ محمد اور چار ساتھیوں پر مقدمے کا آج تک فیصلہ نہ ہوسکا۔

11 ستمبر 2001 امریکا کے لیے قیامت خیز دن ثابت ہوا، 20 برس گزر گئے لیکن دنیا پر نائن الیون کے اثرات کم نہ ہوسکے۔ اس دن دو بوئنگ طیارے نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سنٹر نامی دو بلند و بالا ٹاورز سے ٹکرا گئے تھے، جس کے باعث 2 ہزار 996 افراد چشم زدن میں لقمہ اجل بن گئے اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔
اس دن پونے 9 بجے پہلا طیارہ شمالی ٹاور سے ٹکرایا جس کے 18 منٹ بعد ایک اور طیارہ جنوبی ٹاور سے ٹکرا کر پاش پاش ہوگیا، 10 بجے تک دونوں ٹاورطیاروں کی ٹکر اور آگ کی تپش کے باعث زمین بوس ہوگئے تھے۔

ایک اور طیارہ واشنگٹن میں پینٹاگون کی عمارت سے جا ٹکرایا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب جانے والا چوتھا طیارہ راستے میں ہی گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن نے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

نائن الیون کے ذمہ داروں کو سبق سکھانے کے لیے امریکا نے افغانستان پر حملہ کردیا۔ القاعدہ سے تعلق کا الزام لگا کر طالبان کی حکومت گرادی اور اپنی مرضی کے حکمران مسلط کیے۔ 10 برس بعد اسامہ بن لادن کو تو مار دیا گیا لیکن امریکا مزید 10 سال افغانستان میں لڑتا رہا۔

Facebook Comments
Show More

Related Articles

Close