بریکنگ نیوز

پاکستان میں کورونا سے زیادہ۔لوگ ٹریفک حادثات میں مر جاتے ہیں

اسلام آباد(نیوز روم رپورٹ)وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا سے زیادہ لوگ ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوجاتے ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کورونا وبا کے باعث عائد کردہ موجودہ پابندیوں کا 9مئی تک اطلاق رہے گا، 9 مئی سے پہلے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوگا جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے، قومی رابطہ کمیٹی 9 مئی کے بعد کی حکمت عملی سے متعلق فیصلہ کرےگی۔

اسد عمر نے کہا گزشتہ چند دنوں میں کورونا وائرس سے اموات میں اضافہ ہوا ہے جو اچھی خبر نہیں ہے، ہلاکتوں کی سرخ لکیر عبور ہوچکی ہے اور روزانہ 24 اموات ہورہی ہیں لیکن آبادی کے تناسب کے حساب سے پاکستان میں یہ شرح کم ہے، ابتدائی دنوں میں سب سے زیادہ اسپین میں ہلاکتیں ہوئیں، اور پاکستان میں 10 لاکھ شہریوں میں سے 2 افراد ہلاک ہوئے، اللہ کا کرم ہے، پاکستان میں بیماری اتنی مہلک ثابت نہیں ہوئی جتنی یورپ میں ہوئی، پاکستان کے مقابلے میں امریکا میں 58 گنا اور برطانیہ میں 124 گنا زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا سے اوسطا روزانہ 24 لوگ اور ایک ماہ میں 720 افراد ہلاک ہوسکتے ہیں، پاکستان میں کورونا سے زیادہ لوگ ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود ہم ٹریفک کو اجازت دیتے ہیں،  ملک میں ایک ماہ میں اوسطا 4 ہزار 800 سے زیادہ لوگ ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوجاتے ہیں، لیکن ہم ٹریفک کو پھر بھی اجازت دیتے ہیں اور گاڑی سڑک پر چلتی ہے، کیونکہ ٹریفک پر پابندی زیادہ نقصان دہ ہے، اگر یہ ذہن میں بٹھالیں کہ کورونا سے اموات کو صفر کرنا ہے تو اس کے لیے ایسے اقدامات کرنے پڑیں گے جو انسانوں کے لیے اتنے زیادہ مہلک ہوں گے جو کوئی انسان برداشت نہیں کرسکتا۔

اسد عمر نے کہا کہ یہ بیماری دنیا میں جتنی مہلک ہے اتنی ہمارے ہاں نہیں، لیکن معاشی نقصان زیادہ ہے، لاک ڈاؤن سے معاشی طور پر حکومت کو آمدنی میں 119 ارب روپے کا نقصان ہوا، روزگار میں بڑے پیمانے پر کمی آئی ہے، پاکستان میں ایک کروڑ 80لاکھ افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں، 10 لاکھ چھوٹے ادارے ہمیشہ کے لیے بند ہوسکتے ہیں، ہر 4میں سےایک پاکستانی  کے گھر میں خوراک کی کمی ہوئی۔

Facebook Comments
Show More

Related Articles

Close