پاکستان
وفاقی وزیر نے سٹوڈنٹ کے لیے خوشخبری سنا دی
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ہرطالب علم کو سبسڈی پرلیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اگلےسال پی ایس ڈی پی کا حجم 800 ارب ہوگا، 2018 میں حکومت چھوڑی تو ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب روپے تھا، جاری منصوبوں کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی بنیادوں پر ترقیاتی اسکیمیں شامل کی گئیں، غلط پالیسیوں کے باعث پورٹ اینڈ شپنگ اور گوادر کےمنصوبےمتاثر ہوئے، واٹر ریسورسز کی حفاظت کے منصوبے ہماری ترجیح ہے جب کہ ڈیموں کی بر وقت تکمیل پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبوں کو ہر ممکن وسائل کی فراہمی یقینی بنائیں گے، آئی ٹی اور سائنس وٹیکنالوجی کے شعبوں پر توجہ دے رہے ہیں، سائبر سکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی فلاح کے لئے متعدد اسکیمیں لا رہے ہیں جس کے تحت ہر طالبعلم کو سبسڈی پر لیپ ٹام فراہم کیا جائے گا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈ کا زیادہ تر حصہ بلوچستان کی ترقی کیلئےاستعمال ہوگا، حکومت بے روزگاری کے خاتمے کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر منصوبے شروع کر رہی ہے۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ گوادر میں پانی، بجلی کے مسائل کےحل کے لئے بھی بجٹ مختص کیا جا رہا ہے جب کہ آئندہ بجٹ میں سابق فاٹا کی ترقی کیلئے 50 ارب روپے رکھےجائیں گے اور آئندہ شرح نمو کا ہدف 5 فیصد رکھا گیا ہے