بریکنگ نیوز
چینی70روپے کلو فروخت کرنے کا حکم،حکومت کو کارروائی سے روک دیا گیا
اسلام آباد(نیوز روم رپورٹ) ہائی کورٹ نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران ملک بھر میں عام آدمی کے لئے چینی 70 روپے بیچنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
شوگر ملز ایسویس ایشن کے وکیل علی خان نے عدالت کے روبرو اپنے دلائل میں کہا کہ آئین میں وفاق اور صوبوں کے اختیارات کا الگ الگ ذکر موجود ہے، فروری میں کارروائی کے لیے ایڈہاک کمیٹی بنائی گئی، کمیٹی نے وفاقی حکومت کو لکھا کہ کمیشن کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے اس کے لیے کمیٹی کو کمیشن میں تبدیل کردیا جائے، جیسے کمیٹی نے تجویز دی تھی ویسے ہی وہ کمیشن بن گیا، انکوائری کمیشن نے شوگر ملز کے فرانزک آڈٹ کے لیے وفاقی حکومت کو لکھا، کمیشن نے 324 صفحات کی رپورٹ میں بہت زیادہ وجوہات بیان کی ہیں۔کمیشن نے اپنے ٹی او آر سے باہر جاکر کارروائی کی،معاون خصوصی اور دیگر وزرا کے ذریعے ہمارا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مخدوم علی خان سے مکالمے کے دوران استفسار کیا کہ یہ عدالت عمومی طور پر ایگزیکٹو کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی، ہم حکومت کو نوٹس کرکے پوچھ لیتے ہیں لیکن آپ اس وقت تک 70 روپے کلوچینی بیچیں، آپ کو شرط منظور ہے تو ہم آئندہ سماعت تک حکومت کو کارروائی سے روک دیتے ہیں، اس حوالے سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار بھی کیا کہ کیا وفاق عدالت کے آپشن کی مخالفت کرے گا، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق نے کہا کہ حکومت اس کی مخالفت نہیں کریں گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت تک ملک بھر میں عام آدمی کے لئے چینی 70 روپے بیچنے کا حکم دیتے ہوئے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے حق میں مشروط حکم امتناع جاری کردیا۔