خواتین
پاکستان میں خواتین کا انوکھا ہوٹل
باورچی سے ویٹر تک تمام عملہ خواتین پر مشتمل،مقبولیت میں دن بدن اضافہ
کوئٹہ(نیوزروم مانیٹرنگ)وطن عزیز کے ایک خوبصورت ترین شہر میں ایک ریسٹورنٹ ایسا بھی ہے جہاں تمام ملازمین خواتین ہیں،وہی کھانا بناتی ہیں اور وہی بطور ویٹر ذمہ داریاں نبھاہتے ہوئے اسے گاہکوں کو پیش بھی کرتی ہیں۔ہوگئے نہ حیران؟جی ہاں یہ حقیقت ہے اور یہ منفرد ریسٹورنٹ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں واقع ہے۔
ہزارہ ٹاؤن کی رہائشی حمیدہ نامی خاتون نے یہ ریسٹورنٹ تین ماہ قتل شروع کیا ہے جس کا نام بھی’’ہزارہ ریسٹورنٹ‘‘ ہی رکھا گیا ہے۔حمیدہ کے مطابق ان کے علاقے میں خواتین کا گھروں سے نکلنا عام نہیں بلکہ اکثریت کو تو باہر قدم رکھنے کی اجازت بھی نہیں ملتی،اسی صورتحال کے تدارک کیلئے انہوں نے یہ اقدام اٹھایا اور اب ان کے ریسٹورنٹ کی مقبولیت دن بدن بڑھتی ہی جارہی ہے۔
حمیدہ کے مطابق انہوں نے ریسٹورنٹ شروع کرنے کیلئے لمبا عرصہ پیسے جمع کئے،جب انہوں نے عملی قدم اٹھایا تو انہیں دھمکیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن وہ اپنے ارادے پر قائم رہیں۔’’ہزارہ ریسٹورنٹ‘‘ میں کل سات خواتین کام کرتی ہیں جو کھانا بناتی ہیں اور پھر انہیں گاہکوں کو پیش بھی کرتی ہیں۔صرف دو مرد ملازم ہیں جو صرف بازار سے اشیا کی خریداری کی ذمہ داری ادا کرتے ہیں۔
حمیدہ کے مطابق خواتین کو اپنے ساتھ کام کے لئے راضی کرنا آسان نہیں تھا تاہم اب لوگ انہیں دیکھ کر حیران ہوتے ہیں۔ریسٹورنٹ میں صرف خواتین ہی نہیں بلکہ مرد بھی کھانا کھانے آتے ہیں اور یہاں کی ڈشز کو بہت پسند کرتے ہیں۔