صحت
فالج اور ہارٹ اٹیک سے بچنا چاہتے ہیں تو روزانہ صرف یہ ایک پھل کھالیں
لاہور(نیوزروم مانیٹرنگ)طبی ماہرین نے تجویز کیا ہے کہ روزانہ صرف ایک کیلا کھانے سے فالج اور دل کے دورے کے خطرات سے بڑی حد تک بچا جاسکتا ہے۔یہ تجویز امریکا میں حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق کے بعد سامنے آئی ہے۔جریدے جرنل آف کلینیکل انویسٹی گیشن ان سائٹ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق الاباما یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ پوٹاشیم سے بھرپور غذائیں خون کی شریانوں کو سکڑنے یا خون گاڑھا ہونے کے جان لیوا عمل سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔اس سے پہلے یہ بات سامنے آچکی ہے کہ سختی کا شکار شریانیں کسی بھی فرد میں ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔اس تحقیق میں بتایاگیا کہ پوٹاشیم ان جینز کو ریگولیٹ کرتا ہے جو کہ شریانوں کی لچک کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔اس تحقیق کے دوران چوہوں کو زیادہ کم، نارمل یا زیادہ مقدار والی پوٹاشیم سے بھرپور غذاﺅں کا استعمال کرایا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ کم پوٹاشیم والی غذا سے شریانیں زیادہ سخت اور غیرلچکدار ہوئیں جبکہ زیادہ پوٹاشیم سے شریانوں کی لچک میں اضافہ ہوا، جبکہ سختی بھی کم ہوئی۔محققین کا کہنا تھا کہ روزانہ صرف ایک کیلا کھانے کی عادت بھی فالج اور ہارٹ اٹیک سے بچاﺅ میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مناسب مقدار میں پوٹاشیم کا استعمال خون کی شریانوں میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے تحفظ دیتا ہے۔